لیہ: ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے فیلڈ میں متحرک۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کا عمل مزید تیز کر دیا۔ اس سلسلہ میں انہوں نے لیہ جمخانہ کلب اور بہادر ڈیجیٹل لائبریری کا دورہ کیا اور دونوں منصوبوں پر جاری تعمیراتی، تزئین و آرائش اور دیگر ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار، رفتار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور تعمیراتی عملے سے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ بھی لی اور کام کی موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام مقررہ مدت کے مطابق مکمل کیا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور جاری کام کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کریں اور انہیں مقررہ معیار اور تکنیکی تقاضوں کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو بہتر تفریحی، مطالعاتی اور مثبت سرگرمیوں کی سہولیات کی فراہمی کے لئے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس موقع پر ایکسیئن بلڈنگ میاں سجاد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اسحاق کھیرانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔






