لیہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ایم ایس) و منیجنگ ڈائریکٹر سُتھرا پنجاب ایجنسی لیہ شبیر احمد ڈوگر نے تحصیل کروڑ کا فیلڈ دورہ کیا اور سُتھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف علاقوں میں صفائی کے معیار، گلیوں کی صفائی، کوڑا کرکٹ اٹھانے اور ویسٹ کلیکشن آپریشن کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شبیر احمد ڈوگر نے فیلڈ عملہ اور سینٹری ورکرز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور انہیں صفائی آپریشن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کوڑے کے ڈھیروں کو فوری طور پر اٹھایا جائے اور صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا سستی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سُتھرا پنجاب کے تحت صفائی ستھرائی کے اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھتے ہوئے شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس موقع پر عملہ کی حاضری اور ویسٹ کلیکشن گاڑیوں کا بھی معائنہ کیا۔






