لیہ: تھانہ کروڑ پولیس نے دورانِ انکوائری پولیس افسر کو مبینہ طور پر رشوت دینے کی کوشش کرنے والے شخص کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق سب انسپکٹر حیدر علی خان نے ایک انکوائری کے سلسلے میں فریقین کو طلب کیا تھا، جہاں مبینہ طور پر ایک فریق کی جانب سے پولیس افسر کو 15 ہزار روپے رشوت دینے کی کوشش کی گئی۔
پولیس کے مطابق سب انسپکٹر حیدر علی خان نے رشوت لینے سے انکار کرتے ہوئے رقم کو بطور ثبوت قبضے میں لے لیا، جبکہ ملزم کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ کروڑ میں درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او لیہ کی جانب سے کرپشن اور رشوت ستانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے، جبکہ قانون کی بالادستی، شفاف تفتیش اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔






