لیہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز خضر ظہور کی زیر صدارت ضلع بھر میں صحت کی سہولیات اور طبی سروسز کے جائزہ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز زوہیب کریم، ذوالفقار صابر، اصغر علی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض اور ضلع کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز خضر ظہور نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس عوام کو بہترین علاج معالجہ کی فراہمی کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنائیں اور ہسپتالوں میں سروسز کے معیار میں بہتری لائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی و معاون عملہ کی حاضری کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کے ساتھ ساتھ طبی سہولیات کی فراہمی اور سروسز کے معیار کی مسلسل مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے۔







