لیہ: ڈپٹی کمشنر/چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈسٹرکٹ پبلک سکولز آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈی پی ایس بورڈ آف گورنرز کا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی ایس اداروں کے انتظامی، تعلیمی اور مالی امور سمیت مختلف اہم معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز خضر ظہور، ایکسیئن بلڈنگ میاں سجاد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گل شیر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ کنزرویٹر فاریسٹ سجاد حیدر شاہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اسحاق کھیرانی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر جاوید سامٹیہ، ڈی پی ایس پرنسپلز عثمان رشید، طاہرہ ذوالفقار، محمد احمد، ارم زاہرہ، عذرا بتول، ڈی ایس پی مصطفیٰ کمال و دیگر بورڈ ممبران رانا اعجاز سہیل، اسد حمید موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز زوہیب کریم اور اصغر علی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی پی ایس بورڈ آف گورنرز کے تحت سٹاف کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال مقرر کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ پرنسپل کی ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ تعیناتی اشتہار کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈی پی ایس چوک اعظم کے اساتذہ اور دیگر سٹاف کی تنخواہوں میں اضافے، ڈے کیئر سنٹر کے قیام اور سولر سسٹم کی تنصیب کی متفقہ منظوری دی گئی۔ اسی طرح ڈی پی ایس بوائز ونگ لیہ میں ارلی ایجوکیشن کے آغاز جبکہ گرلز ونگ میں بجلی کی تاروں، بورڈز اور آگ بجھانے والے آلات کی تنصیب کی بھی منظوری دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پبلک سکولز ضلع کے بہترین تعلیمی ادارے ہیں، ان اداروں کی فلاح و بہبود اور تعلیمی معیار میں بہتری کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو جدید خطوط پر معیاری تعلیم و تربیت کی فراہمی ہماری ذمہ داری اور مشن ہے، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔






