لیہ: ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس لیہ کے زیر اہتمام گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج (گرلز کیمپس) لیہ میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین بارے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ڈسٹرکٹ ٹریفک پولیس آفیسر ظفر اقبال نے طالبات کو ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی ٹی او ظفر اقبال نے طالبات کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے اجتناب، ٹرپل سواری کی ممانعت اور ای چالان کے نظام بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے ون وے کی خلاف ورزی، اوور سپیڈنگ اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے نقصانات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال اپنی اور دوسروں کی زندگی کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف حادثات کی روک تھام میں معاون ہے بلکہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت بھی ہے۔ سیمینار کے اختتام پر طالبات پر زور دیا گیا کہ وہ خود بھی ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنے اہل خانہ و دیگر افراد کو بھی روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عملدرآمد کی ترغیب دیں۔







