لیہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لیہ حسن جاوید بھٹی نے رات گئے تھانہ سٹی، صدر، پیر جگی اور چوک اعظم کے سرپرائز وزٹ کیے، جہاں انہوں نے فرنٹ ڈیسک، حوالات، محرر آفس، تفتیشی کمروں اور آن لائن و دستی ریکارڈ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سرکل افسران اور ایس ایچ اوز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈی پی او لیہ نے ہدایت کی کہ جرائم، منشیات فروشی اور مجرمان اشتہاریوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے والدین میں گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ اور بچوں کو تنہا نہ چھوڑنے سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ پر عمل درآمد اور اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت مؤثر کارروائیوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنسی زیادتی کے جھوٹے الزامات ثابت ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، جبکہ حقیقی شکایات کی غیر جانب دارانہ تفتیش اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ڈی پی او حسن جاوید بھٹی نے واضح کیا کہ عوام کا تحفظ، بچوں کے حقوق کا دفاع اور انصاف کی فراہمی لیہ پولیس کی ترجیحات میں شامل ہیں۔







