لیہ: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر محمد اویس سرور نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ کا معائنہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر شاہد ریاض اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حیات اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اے ڈی سی محمد اویس سرور نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات، ایمرجنسی، وارڈز، میڈیسن سٹور، آپریشن تھیٹر اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹرز و طبی عملے کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر، ادویات کی دستیابی و فراہمی، صفائی ستھرائی، واش رومز اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اے ڈی سی نے زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج معالجے، ادویات کی فراہمی اور طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، مفت ادویات کی فراہمی مقررہ ایس او پیز کے مطابق یقینی بنائی جائے اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی سمیت تمام انتظامات کو بہتر رکھا جائے۔ اے ڈی سی نے طبی عملے کو مریضوں کی خدمت اور حسن اخلاق کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی ہدایت بھی کی۔







