لیہ:ضلع لیہ کا نام پنجاب بھر میں جگمگا اٹھا۔ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ لیہ کی طالبہ آمنہ بی بی نے تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کا طالبہ، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد،کامیابی پر اظہار مسرت۔ ضلع لیہ کی باصلاحیت طالبات تعلیمی میدان میں کسی سے کم نہیں، ڈپٹی کمشنر لیہ۔تفصیل کے مطابق لٹریسی ڈیپارٹمنٹ لیہ نے ایک بار پھر شاندار تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع لیہ کا نام پورے پنجاب میں روشن کر دیا۔ گورنمنٹ نان فارمل بیسک ایجوکیشن سکول چک نمبر 424 بی/ٹی ڈی اے لیہ کی کلاس پنجم کی طالبہ آمنہ بی بی نے پنجاب بھر کے تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے نمایاں اعزاز اپنے نام کر لیا۔ آمنہ بی بی نے اپنی بہترین تقریری صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبہ بھر کے طلبہ و طالبات کو پیچھے چھوڑ دیا۔ عالمی یوم خواندگی کے موقع پر لاہور میں منعقدہ تقریب میں آمنہ بی بی کو پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر انعام سے نوازا گیا۔ ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے آمنہ بی بی کی شاندار کامیابی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے طالبہ، اس کے والدین اور ٹیچر زبیدہ نواز کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لیہ کی باصلاحیت طالبات تعلیمی میدان میں مسلسل کامیابیاں حاصل کر کے علاقے کا نام روشن کر رہی ہیں اور صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کی ایسی کامیابیاں حوصلہ افزا ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے بھرپور مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ لیہ کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے ڈی ای او میڈم درشہوار، لٹریسی موبلائزر محمد افضل، لٹریسی کوآرڈینیٹر لیہ مہر محمد انور تھند کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں طالبات کی تعلیم، حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بچیاں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آمنہ بی بی کی پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا لٹریسی ڈیپارٹمنٹ لیہ کے اساتذہ اور طلبہ کی محنت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے طالبہ کی کامیابی میں اساتذہ اور والدین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی بچوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔






