لیہ: ڈی ایس پی پٹرولنگ ضلع لیہ راؤ عمر فاروق کا مختلف پٹرولنگ پوسٹس کا دورہ، عوامی خدمت، روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات۔ تفصیل کے مطابق ڈی ایس پی پٹرولنگ ضلع لیہ راؤ عمر فاروق نے پٹرولنگ پوسٹ 234/TDA اور کپوری سمیت مختلف پٹرولنگ پوسٹس کا دورہ کیا اور ریکارڈ، ڈیوٹی امور، گشت کے نظام اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے افسران و ملازمان کو ہدایت کی کہ روڈ یوزرز کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آئیں اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح بناتے ہوئے شہریوں کو بہترین پولیسنگ کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے انچارج پٹرولنگ پوسٹس کو ہدایت کی کہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی ہر سیٹ کے پیچھے کیو آر پینک بٹن کا کوڈ لازماً چسپاں کروایا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال، خطرناک ڈرائیونگ، اوور اسپیڈنگ، اوورچارجنگ یا دیگر شکایات کی صورت میں مسافر فوری اطلاع دے سکیں۔ ڈی ایس پی نے روڈ سیفٹی اور ٹریفک آگاہی مہم کو مؤثر بنانے، شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق آگاہی دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اوورلوڈ ٹرکوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اوورلوڈنگ کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ بدعنوانی میں ملوث ملازم کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ڈیجیٹل ای پولیس ایپ کے مؤثر استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کو فوری سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات مزید مؤثر بنائے جائیں۔ ڈی ایس پی راؤ عمر فاروق نے حادثات کی روک تھام کے لیے تیز رفتاری، لاپرواہی سے ڈرائیونگ، موٹر سائیکل پر تین سواریاں بٹھانے، بغیر ہیلمٹ اور بغیر سائیڈ مرر موٹر سائیکل چلانے، سکول رکشوں میں اوور لوڈنگ، بغیر لائسنس اور کم عمر افراد کی ڈرائیونگ کے خلاف مؤثر کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولنگ پولیس شاہرات پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور حادثات کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں انجام دے اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے۔







