لیہ: عالمی یومِ خواندگی کے حوالے سے نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ ضلع لیہ کے دفتر میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواندگی کی اہمیت، تعلیم کے فروغ اور معاشرے کی ترقی میں خواندگی پروگرامز کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری لیہ عابد حسین نے کہا کہ ناخواندگی کا خاتمہ اور تعلیم کا فروغ معاشرے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں، سرکاری محکموں اور سول سوسائٹی کو مل کر مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ ضلع لیہ ملک محمد سراج وسیم نے شرکاء کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ اصغر علی اور ڈائریکٹر آپریشن نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ پنجاب ساجد علی کا پیغام پہنچاتے ہوئے بتایا کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کا شعبہ خواندگی ناخواندگی کے خاتمے اور پسماندہ طبقات تک بنیادی تعلیم کی رسائی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت یونیورسٹیوں اور کالجز کے رضاکار طلبہ سمیت کمیونٹی کے رضاکاروں کے تعاون سے خواندگی کے فروغ کے لیے مختلف پروگرامز جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کی جانب سے کمیونٹی کے ساتھ ساتھ جیلوں میں بھی خواندگی کے مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں ناخواندہ افراد اور قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ رضاکار اس قومی مقصد میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی خدمات خواندگی کے فروغ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ سیمینار میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر خواندگی محمد جمال علوی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلیم شاہد رسول، فوکل پرسن رضاکارانہ کمیونٹی ترقی سعید احمد اور نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے فیلڈ افسران سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاشرے سے ناخواندگی کے خاتمے، تعلیم کے فروغ اور ہر فرد تک تعلیمی سہولیات کی رسائی یقینی بنانے کے لیے مشترکہ اور مؤثر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواندگی کا فروغ صرف ایک فرد ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے۔







