لیہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اون سورس ریونیو پروگرام کے تحت ضلع لیہ میں دو اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی منظوری دے دی ہے۔ دونوں سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ منظور ہونے والی سکیموں میں ریسکیو 1122 ہیڈ کوارٹر لیہ سے براستہ فوڈ سٹریٹ گرلز ڈگری کالج اور سنٹرل پارک جنوبی دیوار کے ساتھ کچہری روڈ تک لنک 1.2 کلومیٹر سڑک جبکہ چک نمبر 260 ٹی ڈی اے سے قاضی آباد تک 7 کلومیٹر کارپٹڈ روڈ شامل ہے۔ اس سلسلہ میں کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت اون سورس سکیموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے بتایا کہ ضلع لیہ میں منظور شدہ دونوں سکیموں کا پیپر ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ سکیموں کے ٹینڈرز جلد جاری کر دیے جائیں گے جبکہ تعمیر و مرمت کا کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شبیر احمد ڈوگر، اویس سرور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اسحاق کھیرانی، سی او ضلع کونسل محمد فیصل بھی موجود تھے۔





