لیہ:سوہنی دھرتی اللہ رکھے، قدم قدم آباد تجھے ۔خوش آمدید جشن آزادی۔ضلع لیہ میں پاکستان کا 79واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے، ولولے اور شایان شان انداز میں منایا گیا۔ اس سلسلے میں یوم آزادی کی مرکزی پروقار تقریب ڈی پی ایس بوائز ونگ لیہ میں منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے قومی پرچم لہرایا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید بھٹی ان کے ہمراہ تھے۔ تقریب کا آغاز سائرن بجا کر کیا گیا۔ جس کے بعد قومی پرچم کشائی اور سلامی پیش کی گئی۔ اس موقع پر ایم پی اے سمعیہ عطاء شہانی، سابق پارلیمنٹیرینز مہر اعجاز احمد اچلانہ، عبدالشکور سواگ، ملک عثمان علی اولکھ، ضلعی صدر مسلم لیگ مہر اسلم، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر لیہ رانا زوہیب کریم، ایس ڈی ای او پیرا ام حبیبہ قریشی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ذوالفقار حیدری، سی ای او تعلیم ڈاکٹر عبدالقیوم، پرنسپلز عثمان رشید اور طاہرہ ذوالفقار، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر طارق گدارہ، ڈی ایس پی صدر عمران خورشید، ایم ڈی واسا عارف عباس، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر غلام مصطفیٰ، ممبر صوبائی امن کمیٹی رانا اعجاز سہیل، صدر بار سیف اللہ سعید، صدر انجمن تاجران اظہر ہانس، صدر پریس کلب محسن عدیل اور دیگر ضلعی افسران موجود تھے۔ تقریب میں افسران، اساتذہ، طلبہ، والدین، سیاسی و سماجی شخصیات، شہریوں اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی جبکہ ایلیٹ فورس، پیرا فورس، وائلڈ لائف رینجرز، سول ڈیفنس اور پولیس کے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔ واسا، ستھرا پنجاب اور دیگر اداروں کی ٹیموں نے بھی مارچ پاسٹ میں شرکت کی۔ ڈی پی ایس گرلز و بوائز ونگ اور سکول ایجوکیشن کے طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر، خاکے اور ٹیبلوز پیش کیے جنہیں حاضرین نے بھرپور سراہا۔۔ یوم آزادی کی تقریب میں ثقافتی جھومر، گھوڑا ڈانس اور اونٹ ڈانس بھی پیش کیا گیا جس سے تقریب میں ثقافتی رنگ مزید نمایاں ہوا ۔ خصوصی طلبہ نے بھی ملی نغمہ پیش کرکے خوب داد سمیٹی جبکہ طوبیٰ خالد نے ملی نغمہ پیش کیا اورخالد محمود نے کمپیئرنگ کے فرائض انجام دیے۔ تقریب میں میٹرک کے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ لیہ کے نمایاں کھلاڑیوں میں بھی انعامات تقسیم کیے گئے ۔ ہندو کمیونٹی سے بخشو رام جبکہ مسیحی کمیونٹی سے ناظر سوہن کھوکھر، یعقوب مسیح اور دیگر نمائندگان نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ناظر سوہن کھوکھر نے تقریب میں پرفارم کرنے والے تمام بچوں کو مجموعی طور پر 50 ہزار روپے کا انعام دیا۔ تقریب کے موقع پر یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور زندہ قومیں اپنے قومی دنوں کو جوش و جذبے، ولولے اور شایان شان انداز میں مناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے قیام پاکستان کے لیے دیں ہمیں اپنے شہداء اور محسنوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور آزادی کی قدر و منزلت کو سمجھتے ہوئے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ طلبہ قوم کا مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوان نسل تعلیم حاصل کرکے اپنے علم، صلاحیت اور کردار کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو آزادی کی قدر، قیام پاکستان کی تاریخ اور وطن کے لیے دی جانے والی قربانیوں سے آگاہ کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ حب الوطنی اور قومی یکجہتی کے جذبات نسل در نسل منتقل ہوتے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے حصول کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا احساس کرتے ہوئے ہر شخص اپنی اپنی حیثیت میں ملک کی بہتری اور ترقی کے لیے کردار ادا کرے جب معاشرے کا ہر فرد اور ہر ادارہ اپنے فرائض خلوص، محنت اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دے گا تو پاکستان مزید مضبوط اور ترقی یافتہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں معاشرے کے ہر طبقے اور تمام سرکاری محکموں کی بھرپور شرکت اس امر کا مظہر ہے کہ پاکستانی قوم اپنے قومی دن کو اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ مناتی ہے۔ انہوں نے یوم آزادی کے شاندار انعقاد پر تمام محکموں، اساتذہ، طلبہ، منتظمین، والدین اور شرکاء کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایم پی اے سمعیہ عطاء شہانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہماری قومی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے، آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور پوری قوم کو یوم آزادی مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم زندہ، بہادر اور باہمت قوم ہے جس نے ہر مشکل گھڑی میں وطن عزیز کا ساتھ دیا ہےسکیورٹی فورسز نے معرکہ بنیان المرصوص سمیت مختلف مواقع پر دشمن کے عزائم کو ناکام بنا کر ثابت کیا کہ پاکستانی قوم اپنے وطن کے دفاع کے لیے متحد اور پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے قومی اداروں، سکیورٹی فورسز اور شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسن جاوید بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی ہماری قومی تاریخ کا اہم دن ہے اور یہ دن ہمیں اپنے وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام اور دفاع کے لیے ہمارے شہداء نے لازوال قربانیاں دی ہیں، ان قربانیوں کی حفاظت اور ان کے مشن کو آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے وطن کو مزید مضبوط، توانا، محفوظ اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔ تقریب کے ہال کو سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا جبکہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی تصاویر بھی آویزاں کی گئیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈی پی ایس بوائز ونگ سے کشمیر چوک تک آزادی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں افسران، طلبہ، اساتذہ، شہریوں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے قومی جذبے کا اظہار کیا۔ آزادی واک کے دوران شرکاء نے وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے تجدید عہد کیا۔






