پشاور(لیہ ٹی وی)اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما، عمر ایوب نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دیں گے۔ پشاور میں اسد قیصر، شبلی فراز اور شیخ وقاص اکرم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے واضح کیا کہ ان کی جماعت گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی اور 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتی ہے۔عمر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد میں حالیہ احتجاج میں 12 افراد کی شہادت کی تصدیق ہو چکی ہے، 200 سے زائد کارکن لاپتہ ہیں اور 5 ہزار سے زائد افراد گرفتار ہیں۔ انہوں نے 24 نومبر کو گولیوں کی بارش کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر ان مطالبات پر غور نہ کیا گیا تو پی ٹی آئی ملک گیر سول نافرمانی کی تحریک شروع کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر ایک بااختیار مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں علی امین گنڈاپور، اسد قیصر، شیخ وقاص اکرم اور عمر ایوب شامل ہیں۔ یہ کمیٹی حکومت کے ساتھ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کرے گی۔شبلی فراز نے اس موقع پر کہا کہ مذاکرات ہی واحد طریقہ ہے جس سے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں اور زور زبردستی سے حالات بہتر نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے کوشاں ہے، اور بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ملک کے مفاد کے لیے جیل جانے کی قربانی دی ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان میں مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو پنجاب میں مسلسل تنگ کیا جا رہا ہے۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک کی بات سے وفاقی وزرا بوکھلا گئے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اصل مقدمہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے خلاف ہونا چاہیے۔13 دسمبر کو پی ٹی آئی کی جانب سے شہداء کے لیے تعزیتی جرگہ منعقد کیا جائے گا جس میں ان کی روحوں کے ایصال ثواب کے لیے دعائیں کی جائیں گی۔