لیہ ( نمائندہ لیہ ٹی وی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع لیہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے حوالہ سے گذارشات کی جا چکی ہیں۔ مدر اینڈ چائلڈ ( جنرل) ہسپتال تکمیل کے مراحل میں ہے۔ ضلع کا ماسٹر پلان بہت جلد مکمل ہو جائے گا۔ وزیر اعلیٰ ستھرا پنجاب پروگرام کے سلسلہ میں تحصیل لیہ اور کروڑ کو آؤٹ سورس کر رہے ہیں۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار نے کمیٹی روم میں میٹ دی پریس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شاہد ملک ، شبیر احمد ڈوگر ، اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موضع راکھواں کو دریائی کٹاؤ سے بچانے کے لئے سٹڈ بند تعمیر کئے جا رہے ہیں اور بہت جلد بیٹ مونگڑ کو کٹاؤسے بچانے کے لئے عملی اقدامات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹری ورکرز کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنانے کے لئے ڈیوائسز منگوائی جا رہی ہیں تاکہ صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایم ایم روڈ کی تکمیل کے لئے حکام بالا سے رابطہ میں ہیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ضلع کو نہری پانی کی دستیابی کے لئے تھل کینال کے پراجیکٹ کو ٹیک اپ کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب ہر شعبہ زندگی خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبہ پر فوکس کیا ہوا ہے اور ضلع میں صحت سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ انتظامیہ اور میڈیا کا نقطہ نظر عوام کے مسائل کا حل ہے جس کے لئے نشاندہی کردہ مسائل کو حل کرنے کے لئے باہمی رابطہ کاری سے جاری رکھا جائے گا۔