لیہ: ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت اجلاس میں 11ویں تھل جیپ ریلی اور لیہ تھل میلہ کے پروگراموں کو حتمی شکل دے دی گئی۔
دونوں ایونٹس 5 سے 8 نومبر تک تحصیل چوبارہ کے علاقے رکھ خیرے والا میں منعقد ہوں گے، جہاں مختلف کھیلوں، ثقافتی سرگرمیوں اور میوزیکل نائٹس کا اہتمام کیا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 5 نومبر کو دن 12 بجے لیہ تھل میلہ کا افتتاح ہوگا۔ اسی روز تھل جیپ ریلی میں حصہ لینے والے ریسرز روٹ کی ریکی کریں گے، جبکہ میلے میں والی بال کا مقابلہ بھی ہوگا۔میلے کے دوسرے روز 6 نومبر کو دیسی کشتی اور دودا (لمبی کھیڈ) کے مقابلے ہوں گے، جبکہ رات کو معروف گلوکار احمد نواز چھینہ میوزیکل نائٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ 7 نومبر کو کیٹل شو اور نیزہ بازی کے مقابلے منعقد ہوں گے،
جبکہ رات کو گلوکار ذیشان روکھڑی کی میوزیکل نائٹ اور آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا۔میلے کے آخری روز 8 نومبر کو رسہ کشی اور کبڈی کے مقابلے ہوں گے۔ اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ تھل جیپ ریلی اور لیہ تھل میلہ کو منظم انداز میں منعقد کیا جا سکے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شبیر احمد ڈوگر، اویس سرور اور خضر ظہور، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ذوالفقار علی حیدری، ڈی او سپورٹس امتیاز احمد بھٹی، سی او ضلع کونسل محمد فیصل سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔





