لیہ: ضلع لیہ میں 27 اکتوبر یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پُرامن ریلی نکالی گئی، جو ختمِ نبوت چوک سے شروع ہو کر کشمیر چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور جدوجہدِ آزادی کی حمایت میں نعرے لگائے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز شبیر احمد ڈوگر نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیری تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے جموں و کشمیر میں فوجیں اتار کر قبضے کا آغاز کیا۔ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی قربانیاں آزادی کے عزم کی عکاس ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تلاش کرنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
شہری آزادیوں، بنیادی انسانی حقوق اور مذہبی آزادیوں کا تحفظ یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔شبیر احمد ڈوگر نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔
یومِ سیاہ کشمیر کشمیری شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے اور ان کی جدوجہدِ آزادی سے یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز خضر ظہور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر قومی اتحاد اور اتفاقِ رائے وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔اسسٹنٹ کمشنر لیہ رانا زوہیب کریم نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے جائز مؤقف کی حمایت کرتی ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کو خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری قرار دیا۔
ریلی میں سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔





