لیہ: مینیجر سیف سٹی لیہ عبدالاحد نے کہا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور لیہ پولیس نے جعلی، کلون اور ٹیمپرڈ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔ مصنوعی ذہانت سے لیس جدید کیمروں کے ذریعے ایسی گاڑیوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے جو ٹیپ، کپڑے یا دیگر طریقوں سے اپنی نمبر پلیٹس چھپاتی ہیں یا ان پر درج نمبرز میں ردوبدل کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی لیہ کے جدید کیمرے مشکوک نمبر پلیٹس کی فوری نشاندہی کرکے خودکار اطلاعات جاری کرتے ہیں، جس کے بعد متعلقہ ٹریفک پولیس، پٹرولنگ پولیس اور ضلعی پولیس کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔
مینیجر سیف سٹی لیہ نے کہا کہ اصل نمبر پلیٹ چھپانا، جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنا یا گاڑی کے رجسٹریشن نمبر میں ردوبدل کرنا قانوناً جرم ہے، جس پر چالان کے علاوہ قانون کے مطابق مقدمہ بھی درج کیا جا سکتا ہے۔ ایسی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں پر ہمیشہ اصل، درست اور منظور شدہ نمبر پلیٹس استعمال کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مربوط کارروائیوں کا مقصد جرائم کی روک تھام، قانون کی عملداری اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔







