لیہ: ڈپٹی کمشنر/چیئرپرسن ستھرا پنجاب ایجنسی لیہ آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ستھرا پنجاب ایجنسی لیہ کا پہلا اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز/منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنرز زوہیب کریم، ذوالفقار صابر، اصغر علی، سی او ضلع کونسل محمد فیصل، سی اوز میونسپل کمیٹیز اویس اقبال، عمار یاسر، ارسلان احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام، انتظامی امور اور ایجنسی کی کارکردگی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر ستھرا پنجاب ایجنسی لیہ کے چوبارہ چیپٹر کے کنٹریکٹر کا کنٹریکٹ منسوخ کرتے ہوئے صفائی کے نظام کو سیلف آپریشن کے تحت چلانے کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ کمپلینٹ کمیٹی اور پرچیز کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب ایجنسی لیہ کے کنٹرول روم کے لیے ضروری آئی ٹی لوازمات کی خریداری، ستھرا پنجاب تحصیل دفاتر کے لیے فرنیچر کی خریداری اور منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی کو فنانشل پاورز دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب کے مشن ستھرا پنجاب میں صفائی ستھرائی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔




