لیہ: ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز لیہ پروفیسر ذوالفقار علی حیدری کی زیر صدارت قومی خواندگی مہم کے حوالے سے تعارفی و آگاہی اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع لیہ کے تمام کالج پرنسپلز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر خواندگی نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ محمد جمال علوی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعلیم نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ شاہد رسول نے شرکت کی۔اجلاس میں قومی خواندگی مہم کے اغراض و مقاصد اور ضلع لیہ کے کالجز میں اس کے مؤثر نفاذ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکاء کو نیشنل کمیشن فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے دائرۂ کار، جاری پروگراموں اور خواندگی و تعلیمی ترقی کے فروغ میں ادارے کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیااجلاس میں خواندگی مہم کے مؤثر نفاذ کے لیے ادارہ جاتی رابطہ کاری، فوکل پرسنز کی نامزدگی، طلبہ کی فعال شمولیت، سیکھنے کے خواہشمند افراد کی نشاندہی اور کالج کی سطح پر خواندگی کی سرگرمیوں کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز لیہ پروفیسر ذوالفقار علی حیدری نے تمام کالج پرنسپلز کو ہدایت کی کہ وہ قومی خواندگی مہم کے کامیاب نفاذ کے لیے بھرپور تعاون کریں اور اپنے اداروں میں طلبہ کی فعال شمولیت کو یقینی بناتے ہوئے ضلع بھر میں خواندگی کے فروغ میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور مربوط کوششوں کے ذریعے قومی خواندگی مہم کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو بنیادی خواندگی کی سہولت فراہم کی جا سکے۔






