لیہ: انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے نتائج میں ضلع لیہ کی طالبہ عارفہ مریم نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ڈیرہ غازی خان بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن کوٹ سلطان کی طالبہ عارفہ مریم نے 1200 میں سے 1164 نمبر حاصل کیے جبکہ پری میڈیکل گروپ طالبات میں بھی پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر نے عارفہ مریم کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عارفہ مریم کی کامیابی ضلع لیہ کے لیے باعث فخر ہے اور لیہ کی طالبات نے اپنی ذہانت، محنت اور صلاحیتوں سے تعلیمی میدان میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ لیہ کی بیٹی کا بورڈ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ضلع بھر کی طالبات کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات دیگر طالبات کے لیے بھی رول ماڈل ہیں اور تعلیمی میدان میں طالبات کی مسلسل نمایاں کامیابیاں خوش آئند ہیں۔آصف علی ڈوگر نے مزید کہا کہ عارفہ مریم کی کامیابی والدین اور اساتذہ کی محنت کا ثمر ہے، جبکہ ایسی کامیابیاں ضلع لیہ کے تعلیمی تشخص کو مزید اجاگر کرتی ہیں۔







