لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی ) ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرزن ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنرز زوہیب کریم، محبوب اقبال ہنجرا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر غلام محی الدین، سپرنٹینڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کامران خان اور متعلقہ میڈیکل افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ جیل میں اسیران کے بنیادی ضروری ٹیسٹ کٹس اور ادویات کی سپلائی چین کو برقرار رکھا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسیران کے لئے وہیل چیئر اور کارڈیک مانیٹر کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جیل ایمبولینس کی تبدیلی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ڈسٹرکٹ جیل میں اسیران کے بہتر علاج معالجے کے لئے اضافی میڈیکل آفیسر کی تعیناتی کی جائے اور جیل ہسپتال کے لئے کنسلٹنٹ، میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کے ڈیوٹی روسٹر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت کی بنیادی سہولت ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور جیل اسیران کے لئے بھی بہترین صحت سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
