لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی )سیکریٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نادیہ ثاقب نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لیہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر، چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت ڈاکٹر شاہد ریاض، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام محی الدین اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔سیکریٹری نادیہ ثاقب نے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ،اسٹروک بے ،میڈیکل وارڈ، گائنی وارڈ،چیسٹ وارڈ،ائی سی یو وارڈ،فارمیسی، لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا دورہ کیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات، ادویات کی دستیابی، معملے کی حاضری اور مریضوں کے لیے موجود سہولیات کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔دورہ کے دوران سیکریٹری ہیلتھ نادیہ ثاقب نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، مفت ادویات کی دستیابی اور علاج کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ مریضوں اور لواحقین نے مجموعی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتال میں انہیں علاج اور ادویات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نادیہ ثاقب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر صوبے بھر میں صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین علاج، صاف ماحول اور مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔سیکریٹری ہیلتھ نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ عوامی اعتماد کو مضبوط کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ انجام دے اور مریضوں کو عزت، توجہ اور بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔آخر میں سیکریٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی اور انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔دریں اثناء انہوں نے ٹی ایچ کیو لیول ہسپتال کوٹ سلطان،چوک اعظم اور جنرل ہسپتال کا بھی معائنہ کیا۔
