لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کروڑ محبوب اقبال ہنجرا نے سپیشل ایجوکیشن سینٹر کروڑ کا دورہ کیا.انہوں نے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اسسٹنٹ کمشنر محبوب اقبال ہنجرا نے موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل بچے حکومت پنجاب کی خصوصی ترجیح ہیں اور ان کی تعلیم و تربیت کے لئے تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سپیشل بچوں کو 800 روپے ماہانہ وظیفہ، وردی، فری جوتے اور دیگر ضروری سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سپیشل ایجوکیشن سینٹر کی عمارت کو بروقت مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام میں اعلی معیار کا مٹیریل استعمال کیا جائے تاکہ بچوں کو محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر تحصیل کروڑ محبوب اقبال ہنجرا نے سہولت آن دی گو مارکیٹ بودلہ چوک کروڑ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی و تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بازار میں جاری کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔
