لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی کمشنر لیہ آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے ممکنہ آتشزدگی کے واقعات سے نمٹنے کے لئے ضلع بھر میں 25 واٹر ہائیڈرنٹس اور 9 اوور ہیڈ فلنگ پوائنٹس لگانے کی ہدایت جاری کر دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں جھولتی ہوئی بجلی کی تاروں کی درستی، ملوں، فیکٹریوں، مارکیٹوں، دکانوں، عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات اور بلڈنگ بائی لاز پر 15 دن میں عملدرآمد یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کر دئے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر، اسسٹنٹ کمشنر کروڑ محبوب اقبال ہنجرا، ایس ڈی ای او پیرا ام حبیبہ، اے سی کووارڈ کلیم اللہ، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد قیوم خان، محکمہ ہیلتھ سے ڈاکٹر یونس کلیہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اسحاق کھیرانی، ڈی او انڈسٹری عاشق حسین، ایس ڈی او واپڈا سلیم اللّہ خان، سی او ضلع کونسل محمد فیصل اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد نے اجلاس میں بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فائر سیفٹی اور فائر فائٹنگ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں، کالجز، فیکٹریوں اور مارکیٹوں میں بھی واٹر ہائیڈرنٹس اور پانی کی جلد دستیابی کے لئے اوور ہیڈ فلنگ پوائنٹس لگوائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام دکانوں میں آگ بجھانے کے آلات کی موجودگی، فائر الارم، متبادل راستے کے لئے بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں واپڈا اور متعلقہ اداروں پر مشتمل کمیٹی کو جھولتی ہوئی بجلی کی تاروں کی درستی کا ٹاسک بھی دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داری دیانتداری سے انجام دیتے ہوئے ممکنہ حادثات کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

