لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع لیہ محمد طلحہ شیخ نے بارش کے بعد مختلف علاقوں میں گندم کی فصل کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں کی بدولت مختلف فصلات گندم، کماد، سبزیات، چارہ جات، چنا، مسور اور باغات پر نہایت خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے اور کاشتکاروں کی خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔ پچھلے چند مہینوں سے جنوبی پنجاب میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے فضائی آلودگی میں اضافہ سمیت مختلف فصلات پر دیگر منفی اثرات مرتب ہورہے تھے۔ فصلوں کے پتوں پر گردوغبار جم جانے کی وجہ سے خوراک بنانے کا عمل بری طرح متاثر ہورہا تھا۔ جس سے ان فصلوں کی بڑھوتری اور پیداوار میں کمی کے امکانات تھے۔ نہری پانی کی فراہمی میں کمی کے پیش نظر اس مرحلہ پر فصلوں کو آبپاشی کی اشد ضرورت تھی جو کہ حالیہ بارش کی وجہ سے کافی حد تک پوری ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ بارش کے ساتھ فضا میں موجود نائٹروجن بھی فصلوں کو دستیاب ہوئی ہے۔ بارانی علاقوں میں کاشتہ چنا اور مسور کی فصلوں پر بھی بارش کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے بعد فصلوں میں جڑی بوٹیوں کی بہتات ہوجاتی ہے جن کے بروقت تدارک کیلئے مناسب اقدامات ضروری ہوتے ہیں۔ بارش کے نتیجہ میں آم کے باغات پر نیا اچھا بور نکلنے کے ساتھ ساتھ بیماریوں خصوصاً بیکٹریل انفیکشن اور انتھراکنوز، منہ سڑی کے حملے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ ان بیماریوں کی وجہ سے پتوں اور بور پر سیاہ دھبے بن جاتے ہیں۔ ایسی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں باغبان کاپر والی پھپھوند کش زہریں 250 گرام فی 100 لٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں اگر اس سپرے میں اینٹی بائیوٹک 125 گرام شامل کرلی جائے تو ان بیماریوں کے خلاف زیادہ موثر کنٹرول ملتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے بعد ٹنل میں کاشتہ سبزیات پر بیماریوں کے حملہ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں جن کے تدارک کیلئے کاشتکار ٹنل میں کاشتہ سبزیوں کا باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں اور کسی بھی بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں محکمہ زراعت توسیع تحصیل لیہ کے فیلڈ عملہ سے فوری رابطہ کریں۔ نیز گرین ٹریکٹرز فیز سوئم میں درخواست دینے کی تاریخ میں پچیس جنوری تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔

