لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)لیہ کروڑ روڈ چک 117 ٹی ڈی اے کے قریب آئل ٹینکر اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک نوجوان موقع پر جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی ریسکیو 1122 کی موٹر بائیک ایمبولنس اور ایمبولینس کو فوری طور پر جائے حادثہ روانہ کیا گیا۔ ریسکیو ٹیم جب موقع پر پہنچی تو موٹر سائیکل سوار 25 سالہ محمد نعیم خان ولد ہوتن خان ساکن چک نمبر 99 ٹی ڈی اے کروڑ شدید حادثے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق متوفی کے سر پر شدید نوعیت کی کرش ہیڈ انجری آئی تھی، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا۔حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار دوسری خاتون57 سالہ گلزارہ بی بی زوجہ سوہن خالد ساکن چک نمبر 99 ٹی ڈی اے کروڑ شدید زخمی ہو گئیں۔ریسکیو 1122 کے عملے نے جائے حادثہ پر فوری طور پر طبی امداد فراہم کی اور زخمی خاتون کو ایمبولینس کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال لیہ منتقل کر دیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ جبکہ جاں بحق ہونے والے نوجوان کی لاش بھی ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق آئل ٹینکر اور موٹر سائیکل آمنے سامنے آ گئے، جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اہلِ علاقہ نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور تیز رفتار بھاری گاڑیوں کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
