لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کے لئے کارڈیک مانیٹر کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ جیل اسیران کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں تمام ضروری ٹیسٹ کی سہولت دی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ جیل میں ڈسٹرکٹ پرزن ہیلتھ کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، سپرنٹینڈنٹ جیل کامران حیدر اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل میں اسیران کے علاج معالجے کے لئے تمام ضروری ادویات دستیاب ہونی چاہئیں۔ اسیران کے نفسیاتی مسائل کے حل کے لئے سائیکالوجسٹ کی خدمات حاصل کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جیل ہسپتال کے ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جیل اسیران کے ہیپاٹائٹس کے ٹیسٹ یقینی بنائے جائیں اور اس سلسلہ میں ٹیسٹ کٹ کی دستیابی بھی یقینی بنائی جائے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ جیل کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں سلامی پیش کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے جیل ہسپتال، کچن اور بیرکس کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا اور جیل اسیران سے گفتگو کی۔
