لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)دنیا بھر کی طرح لیہ میں بھی انٹرنیشنل مینٹل ہیلتھ ڈے منایا گیا۔ اس موقع پر ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر لیہ امیرابیدار، اسسٹنٹ کمشنر حارث حمید نیازی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض، ماہرینِ نفسیات، ڈاکٹرز، سماجی شخصیات، طلبہ اور عام شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی ڈاکٹر تحسین اختر نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر امیرابیدار نے ذہنی صحت کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جسمانی صحت کی طرح ذہنی صحت کو بھی سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ انہوں نے معاشرے میں ذہنی امراض کے حوالے سے پائے جانے والے منفی تصورات کے خاتمے اور شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر تحسین اختر نے کہا کہ موجودہ دور میں ہر فرد کسی نہ کسی ذہنی دباؤ کا شکار ہے، چاہے وہ معاشی مسائل ہوں، خاندانی تنازعات، سوشل میڈیا کا دباؤ یا تنہائی کا احساس۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ذہنی صحت کی آگاہی کو عام کرنے اور اس کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔تقریب سے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شاہد ریاض ،پروفیسر حفیظ اللہ تھند نے بھی خطاب کیا ۔تقریب کے اختتام پر ذہنی صحت سے متعلق معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا گیا تاکہ عوام میں شعور بیدار کیا جا سکے۔

