لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈپٹی انسپکٹر جنرل (پولیس جیل خانہ جات) ڈیرہ غازی خان ڈویژن احمد نوید گوندل نے ڈسٹرکٹ جیل لیہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لیہ ڈاکٹر شاہد ریاض، سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل محمدمدثر خان دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈی آئی جی ڈی جی خان احمد نوید گوندل نے جیل کے مختلف شعبہ جات خصوصاً اسپتال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے قیدیوں سے براہ راست ملاقات کی اور ان کے علاج معالجے کا فرداً فرداً جائزہ لیا۔ انہوں نے ادویات کاسٹاک، ایکس رے مشین، ڈینٹل یونٹ اور ڈینگی سے بچاؤ کے انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا ۔ڈی آئی جی احمد نوید گوندل نے اس موقع پر کہاکہ حکومت پنجاب قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ہمارا مقصد نفرت جرم سے ہے، انسان سے نہیں۔ انہوں نے کہاکہ قیدیوں کو بہتر صحت سہولیات فراہم کرنا معاشرتی بھلائی کی طرف اہم قدم ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر قیدی کا صحت سے متعلق ریکارڈ جیل میں داخلے کے وقت تیار کر کے باقاعدہ اپ ڈیٹ رکھا جائے اسپتال عملہ ہر وقت موجود رہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی میں فوری طبی سہولت میسر ہو سکے۔ احمد نوید گوندل نےسہولیات کو مزید بہتربنانے ،جیل اور صحت انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتربنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل محمدمدثر خان نے بریفنگ دی۔

