لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) اسسٹنٹ کمشنر لیہ حارث حمید خان نے کہا ہے کہ اربن یونٹ کوٹ سلطان کو مثالی شہر بنایا جائے گا۔ سیوریج سکیموں کی بروقت تکمیل کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام پر منظم طریقے سے عملدرآمد کیا جائے۔ کھلے مین ہولز پر ترجیحی بنیادوں پر ڈھکن لگانے کا ٹاسک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات ضلع کونسل آفس میں اربن یونٹ کوٹ سلطان میں سیوریج سکیموں، سیوریج مسائل، صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اسحاق کھیرانی، ایس ڈی ای او پیرا فہد نور، سی او ضلع کونسل محمد فیصل اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ کوٹ سلطان شہر کو مثالی اربن یونٹ بنائیں گے۔ تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا۔ سیوریج لائنوں سے ڈی سلٹنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھلے مین ہولز پر فوری ڈھکن لگائے جائیں اور سیوریج کی سکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ان تمام امور کی نگرانی کریں گے تاکہ کوٹ سلطان کو ایک مثالی اربن یونٹ بنایا جا سکے۔

