لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی)یونیورسٹی آف لیہ میں 20 روزہ فیکلٹی ٹریننگ ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔اختتامی تقریب کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر ابوبکر تھے ۔تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیشنل اکیڈمی فار ہائیر ایجوکیشن اسلام آباد غلام مرتضی گورائیہ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر اظہر عباس، ٹریننگ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذیشان حسن،پروفیسر ڈاکٹر عمار رضا، یونیورسٹی آف لیہ اور یونیورسٹی آف میانوالی کے اساتذہ موجود تھے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر ابوبکر نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب شعبہ تعلیم کو جدید چیلنجز سے ہم آہنگ کرنے کے لئے گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے ٹریننگ ورکشاپ اس سلسلہ کی عملی کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا تاکہ یونیورسٹی کے اساتذہ کو نت نئے علوم سے بہرہ مند کیا جا سکیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر غلام مرتضی گورائیہ نے کہا کہ تعلیم و تدریس میں آئے روز نئی تحقیق سامنے آرہی ہے اے آئی ٹولز نے زندگی کے مختلف شعبوں میں جدت پیدا کی ہے اس لئے وقت کے مطابق معلم کے لئے تدریس کے جدید تقاضوں اور طریقوں سے واقف ہونا بہت ضروری ہے جس کے لیے ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا تاکہ اساتذہ اپنے طلبہ کو تعلیم کے جدید طریقوں کے مطابق پڑھا سکیں۔ تقریب کے آخر میں فیکلٹی ممبران کو اسناد دی گئی۔

