لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی )سیکریٹری محکمہ صحت وآبادی پنجاب و جنوبی پنجاب نادیہ ثاقب کی خصوصی ہدایات پر سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین کے ہر بچے تک پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پر سرگرم عمل، سپیشل سیکریٹری کا ضلع لیہ کا دورہ، مختلف مارکیٹوں اور دیگر پبلک مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی اور کارکردگی کو چیک کیا اور تحصیل ہیڈ کوارٹرتھل اسپتال لیہ میں سروس ڈیلیوری کے عمل کا جائزہ لیا۔ضلع لیہ میں پولیو فیلڈ ٹیموں کی مانیٹرنگ کے دوران سپیشل سیکریٹری محمد شہباز حسین نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے اور فنگر مارکنگ کے عمل کا جائزہ لیا اور سپیشل سیکریٹری نے پولیو ٹیموں کے پاس موجود پولیو ویکسین کے ٹمپریچر کو بھی کیا۔انہوں نے ٹرانزٹ ٹیموں کو بچوں کے ریکارڈ کے اندراج کی ہدایت کی اور بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو سے بچاؤ ویکسین ہماری آئندہ صحت مند نسلوں کی ضامن ہے، والدین اپنے پانچ سال کے کم عمر بچوں کو ہر صورت پولیو ویکسین پلوائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے دوران فیلڈ پولیو ورکرز اور سیکیورٹی اہلکاروں کا جذبہ اور لگن قابل تعریف ہیں۔ انسداد پولیو مہم کے دوران کسی بھی سطح پر کوئی غفلت قبول نہیں کی جائے گی۔ بعد ازاں سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے تحصیل ہیڈ کوارٹرتھل اسپتال لیہ کا دورہ کیا اور اسپتال میں ڈاکٹروں اور اسٹاف کی حاضری، صفائی کی صورتحال، آکسیجن کی دستیابی اور سروس ڈیلیوری کو چیک کیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کے تیمارداروں سے فراہم کردہ سہولیات بارے بھی استفسار کیا۔ انہوں نے دورہ کے دورہ اسپتال میں بائیو میڈیکل مشینری کے فعال ہونے کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے اسپتال میں جاری مرمت اور تزین وآرائش کے کام کا بھی معائنہ کیا اور اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مرمت اور تزین وآرائش کے کام کو بروقت مکمل کیا جائے اور میٹریل کے معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں اسپتال کینٹین میں صفائی کی ناقص حالت اور پارکنگ اسٹینڈ پر اوورچارچنگ کی شکایات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میڈیکل سپرنٹندنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹرتھل اسپتال لیہ کو ہدایت کی کہ اسپتال کی کینٹین اور پارکنگ انتظامیہ کو انتظامات بہتر کرنے اور اوورچارجنگ کے خاتمہ کے لیے وارننگ کے باوجود باز نہ آنے کی صورت میں دونوں ٹھیکیداروں کے ٹھیکہ جات کینسل کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
