لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی )پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 لیہ کے زیر اہتمام عالمی یومِ ارض (ارتھ ڈے) کے موقع پر سنٹرل اسٹیشن لیہ میں آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر سجاد احمد کی قیادت میں ریسکیورز اور والنٹیئرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔واک کا مقصد عوام میں ماحولیاتی تحفظ اور زمین کو آلودگی سے بچانے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سجاد احمد نے کہا کہ آج کی دنیا کو سب سے بڑا چیلنج ماحولیاتی تبدیلی کا سامنا ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم زمین کو فضائی، آبی، صوتی اور دیگر آلودگیوں سے بچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ زمین ہماری ماں ہے، اس کی حفاظت ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ درخت لگائیں، پانی اور توانائی کو ضائع ہونے سے بچائیں اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے میں حصہ لیں۔

