لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 لیہ ڈاکٹر سجاد احمد نے خبردار کیا ہے کہ گندم کی فصل کی باقیات کو آگ لگانا قانوناً جرم ہے اور اس عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں جرمانہ اور ایف آئی آر کا اندراج شامل ہے۔ ضلعی ہیڈ کوارٹرز پنجاب ایمرجنسی سروس لیہ میں اس حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ریسکیو افسران نے شرکت کی۔ڈاکٹر سجاد احمد نے بتایا کہ گندم کی باقیات کو آگ لگانے کے باعث اردگرد کے کھیتوں کو شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔ ضلعی ریپڈ انٹی سموگ اسکواڈ نے قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا عمل بھی تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آگ لگنے کے 15 واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں اور ایک ہی وقت میں کئی مقامات سے ریسکیو 1122 کو کالز موصول ہو رہی ہیں، جس سے فائر وہیکلز کی دستیابی متاثر ہوتی ہے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کسانوں اور زمین داروں کو آگ سے بچاؤ اور قابو پانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی، جن میں ٹرانسفارمر کے اردگرد کا علاقہ صاف رکھنا، کھالوں میں پانی بھرنا، ہل چلا کر ملحقہ کھیتوں کو محفوظ بنانا اور سبز شاخوں سے آگ بجھانے کی کوشش شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ناہموار جگہوں کو ہموار کر کے فائر وہیکلز کی آسان رسائی کو ممکن بنایا جائے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے اور قیمتی فصل کو محفوظ رکھا جا سکے۔

