لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ضلع لیہ کی آبادی بڑھ کر 22 لاکھ نفوس تک جا پہنچی ہے۔ 2017 کی مردم شماری میں ضلع کی آبادی 18 لاکھ 23 ہزار 995 ریکارڈ کی گئی تھی، جس میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ضلع میں گھرانوں کی تعداد 63 ہزار بتائی گئی ہے جبکہ رقبے کے لحاظ سے لیہ 6 ہزار 289 مربع کلومیٹر پر مشتمل ہے۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کی مجموعی آبادی 25 کروڑ 83 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جس میں پنجاب 13 کروڑ 42 لاکھ آبادی کے ساتھ سب سے بڑا صوبہ قرار پایا ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی مجموعی آبادی 1 کروڑ 28 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جس میں مظفرگڑھ 52 لاکھ، ڈیرہ غازی خان 36 لاکھ اور راجن پور 25 لاکھ کی آبادی کے ساتھ شامل ہیں، جبکہ لیہ سب سے کم آبادی والا ضلع ثابت ہوا ہے۔اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں 3 کروڑ 83 لاکھ 40 ہزار 586 گھرانے موجود ہیں اور ہر گھر میں اوسطاً 6 سے 30 افراد رہائش پذیر ہیں۔ سندھ 5 کروڑ 85 لاکھ 95 ہزار 716 افراد کے ساتھ آبادی کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کی آبادی 4 کروڑ 28 لاکھ 23 ہزار 990 اور بلوچستان کی آبادی 1 کروڑ 58 لاکھ 62 ہزار 898 نفوس پر مشتمل ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی آبادی 25 لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے۔

