لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)ضلع لیہ میں آگ لگنے کے دو مختلف واقعات پیش آئے جن میں ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی سے بڑے مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔پہلا واقعہ بھٹی نگر، فیض چوک لیہ کے قریب پیش آیا جہاں لاپرواہی سے پھینکی گئی جلتی سگریٹ کے باعث لکڑیوں کے ذخیرے میں آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے عملے نے 15 منٹ کی مسلسل کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس واقعے میں اندازاً 0.02 ملین روپے کا نقصان ہوا، جبکہ قریبی گھروں اور دیگر املاک کو بچاتے ہوئے 0.1 ملین روپے کا مالی نقصان ہونے سے محفوظ کر لیا گیا۔دوسرا واقعہ دین پور، کروڑ لعل عیسن میں پیش آیا، جہاں گندم کی باقیات کو جلانے کے دوران آگ پھیل کر قریبی کھڑی فصل کو لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے محنت کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ واقعے میں 4 کنال گندم جل گئی، جس کا تخمینی نقصان 0.1 ملین روپے بتایا گیا، جبکہ 1 ملین روپے مالیت کی فصل کو بچا لیا گیا۔دونوں واقعات میں ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت رسپانس اور فائر فائٹنگ کی مؤثر حکمت عملی نے بڑے جانی و مالی نقصان کو روک دیا۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خشک موسم میں آگ لگانے جیسے اقدامات سے گریز کریں اور احتیاط برتیں۔

