لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) ڈی پی او محمد علی وسیم کی زیر صدارت ضلع لیہ میں کرائم میٹنگ کا انعقاد بذریعہ ویڈیولنک کیا گیا۔ میٹنگ میں ڈی ایس پی آرگنائزر کرائم، سی آئی اے سٹاف اور دیگر دفتری عملے نے فزیکلی شرکت کی، جبکہ ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز تھانہ جات نے ویڈیولنک کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران رواں سال ضلع بھر میں درج مقدمات، ان کی تفتیش میں پیش رفت، چالان مکمل اور ناتمام کیسز، اور مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کا جائزہ لیا گیا۔ جرائم کے خلاف پولیس کی کارکردگی اور امن و امان کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی پی او محمد علی وسیم نے پولیس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائیں اور کریک ڈاؤن کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقدمات کی تفتیش مکمل طور پر میرٹ پر کی جائے اور سفارش کلچر کو ختم کیا جائے۔ ڈی پی او نے گشت کے نظام کو فعال رکھنے اور انسدادی کارروائی (پرو ایکٹیو پالیسنگ) پر زیادہ زور دینے کی ہدایت بھی دی۔ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹارگٹ افینڈرز اور مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔