لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی)ضلع لیہ میں ساتویں ڈیجیٹل زراعت شماری یکم جنوری 2025 سے شروع ہوگی، جس میں زرعی زمینوں، فصلات، باغات، جانوروں اور زرعی مشینری کے متعلق معلومات جمع کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر پاکستان ادارہ شماریات محمد طہور رضا، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد عاشق حسین اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی معیشت کو مزید بہتر بنانے کے لیے یہ شماری یکم جنوری 2025 سے 10 فروری تک جاری رہے گی۔ اس دوران منتخب بلاکوں میں زمینوں کے اعداد و شمار کے ساتھ ساتھ جانوروں اور زرعی مشینری کی معلومات بھی اکٹھی کی جائیں گی۔ بڑے زمیندار اور مویشی پال حضرات بھی اس شماری میں مکمل طور پر شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں لائیو اسٹاک اور زراعت کا کردار اہم ہے اور ان شعبوں کے درست ڈیٹا سے بہترین معاشی پالیسی تیار کی جا سکے گی۔ فیلڈ اسٹاف سے درخواست کی گئی کہ وہ درست اور بروقت زرعی اعداد و شمار جمع کریں تاکہ اپنی قومی ذمہ داری کو پورا کر سکیں۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر محمد طہور رضا نے اجلاس میں بتایا کہ زراعت شماری کے دوران 311 ماسٹر ٹرینرز، 6500 فیلڈ اسٹاف اور 1368 سپروائزرز خدمات انجام دیں گے۔