ملتان(لیہ ٹی وی)یونیسکو کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا تاکہ ملتان اور بہاولپور میں خواجہ سرا طلبہ کے لیے یونیسکو کے پہلے سے جاری منصوبوں میں”سائیکو سوشل سپورٹ” اور "تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت” کا آغاز کیا جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت خواجہ سرا طلبہ کو ککنگ، ٹیلرنگ، آئی ٹی، اور بیوٹیشن جیسے اہم شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ انہیں باعزت روزگار کے مواقع میسر ہوں۔ یہ منصوبہ سیکریٹری سکول ایجوکیشن پنجاب خالد نذیر وٹو کی ہدایات پر شروع کیا گیا ہے۔ وفد سے ملاقات میں سپیشل سیکریٹری سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبید اللہ کھوکھر نے اس منصوبے کو خاص اہمیت دیتے ہوئے اس کی تیاری اور عمل درآمد میں بھرپور تعاون کو یقینی بناتے ہوئے کہا کہ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اس منصوبے کو پہلے ہی ترجیحات میں شامل کر چکا ہے اور اس کی کامیابی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ اسپیشل سیکریٹری نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ خواجہ سرا طلبہ کو خود مختاری اور اعتماد کے ساتھ ساتھ سماجی حیثیت بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔یونیسکو کے وفد نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے عزم اور تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ اشتراک نہ صرف خواجہ سرا طلبہ کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گا بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی معاون ثابت ہوگا۔