ملتان(لیہ ٹی وی)ڈائریکٹر تعلقات عامہ ملتان سجاد جہانیہ نے کہا ہے کہ آج سے 77 برس قبل 27 اکتوبر کو بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرتے ہوئے اس قضیے کی بنیاد ڈالی جو آج پون صدی کے بعد بھی حل طلب ہے۔ مظلوم کشمیری بھارت کے ظلم و جبر کے باوجود آزادی کے لئے لڑ رہے ہیں تاہم وہ دن دور نہیں جب کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ وہ ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سیمینار سے قبل بھارتی مظالم پر مبنی ایک تصویری نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ ظلم و جبر کو شکست ہوگی، کشمیری عوام حق پر ہیں وہ بھارتی تسلط سے آزادی لے کر رہیں گے۔ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے حق آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ کالم نگار عامر شہزاد صدیقی نے کہا ظلم و جبر کی طویل داستان نے کشمیر کو خونچکاں کر رکھا ہے۔ بھارت کے ظالمانہ حربوں کی داستان دنیا کو سنانا ہوگی۔ ماہر تعلیم ظفر خان بابر نے کہا 77 برس سے پاکستان کے لوگ اور حکومتیں کشمیر کی آواز بلند کر رہے ہیں مگر عالمی اداروں ک امیر سویا ہوا ہے۔ یاسمین خاکوانی نے کہا کہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی داستان عالمی اداروں تک پہنچانے کے لئے آج پوری قوم پرامن احتجاج کر رہی ہے۔ ڈاکٹر عبدالبصیر نے کہا کہ بین الاقوامی سامراج بھارت کے غاصبانہ قبضے سے صرف نظر اس لئے کرتا ہے کہ بھارت ایک بڑی منڈی ہے۔ تقریب کے آغاز میں حافظ حسین محی الدین نے تلاوت جبکہ محمد احمد مصطفی نے نعت پیش کی#