ملتان(لیہ ٹی وی)ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیر اہتمام 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر شہر اولیاء کی فضاء "کمشمیر بنے گا پاکستان" کے نعروں سے گونج اٹھی اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے سلسلے میں شاندار ریلی اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیلئے ریلی کی قیادت کی۔ریلی میں سول سوسائٹی ،ضلعی محکموں اور طلباء نے بھرپور شرکت کی جبکہ عوام کی جانب سے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے اس موقع پر کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی قبل ازیں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی صدارت میں ضلع کونسل ہال میں سیمینار منعقد ہوا جبکہ ٹیبلوز بھی پیش کئے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مبشرالرحمن اور اسسٹنٹ کمشنرز عبدالسمیح شیخ اور سیف الاسلام خٹک نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 لاکھ بھارتی فوجیوں نے یلغار کرکے اب تک70 ہزار سے زائد کشمیری شہید کئے ہیں جبکہ بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرکے کشمیریوں کی زمینوں پر قبضے کررہا ہے۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔اقوام متحدہ کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کا نوٹس لے۔وسیم حامد سندھو نے کہا کہ آج پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق کیلئے لڑنے کا عہد بھی کرتی ہے۔