لیہ: صحرائے تھل کی ریت گزشتہ شب رنگ و روشنی اور موسیقی کی دھنوں سے جگمگا اٹھی، تھل جیپ ریلی کے مڈ پوائنٹ رکھ خیرے والا تحصیل چوبارہ میں منعقدہ میوزیکل نائٹ نے 11ویں تھل جیپ ریلی اور لیہ تھل میلہ کی رونقوں کو چار چاند لگا دیے۔ معروف گلوکار احمد نواز چھینہ نے اپنی خوبصورت آواز اور دلکش گائیکی سے حاضرین کے دل جیت لیے، موسیقی کی دلفریب دھنوں پر شائقین جھوم اٹھے جبکہ پنڈال تالیوں اور نعروں سے گونجتا رہا۔
میلے کے دوسرے روز رات گئے منعقدہ میوزیکل نائٹ میں شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور موسیقی سے بھرپور لطف اٹھایا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر، سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری محمد طاہر رندھاوا، منیجر آپریشنز ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب فرحت حسین فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز شبیر احمد ڈوگر، محمد اویس سرور، خضر ظہور، اسسٹنٹ کمشنرز رانا زوہیب کریم، ذوالفقار صابر، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امتیاز احمد بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ذوالفقار علی حیدری، سی او ضلع کونسل محمد فیصل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ احمد نواز چھینہ نے مختلف گیت پیش کرکے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔ میوزیکل نائٹ نے شہریوں کو روزمرہ مصروفیات سے ہٹ کر تفریح کے یادگار لمحات فراہم کیے۔ شہریوں نے ثقافتی و تفریحی سرگرمیوں کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ اور حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔






