لیہ: گورنمنٹ گریجویٹ کالج کروڑ میں ضلعی الیکشن کمشنر ظفر اللہ خان کی سربراہی میں ووٹر آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں طلبہ کو ووٹ کی اہمیت، جمہوری عمل میں شرکت اور باخبر فیصلہ سازی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔سیمینار میں ’’مستقبل کا بیلٹ، آپ کی آواز، آپ کا پاکستان‘‘ کے عنوان سے خصوصی سرگرمی کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران طلبہ کو معیاری تعلیم، روزگار کے مواقع، امن و استحکام، ماحولیاتی تحفظ، ڈیجیٹل جدت اور انصاف و مساوی مواقع سمیت چھ اہم قومی ترجیحات پر مشتمل نمونہ بیلٹ پیپرز فراہم کیے گئے۔طلبہ نے اپنی رائے کے مطابق ترجیحات کا انتخاب کرتے ہوئے ووٹ کاسٹ کیے۔ بعد ازاں ووٹوں کی گنتی کرکے نتائج پیش کیے گئے۔ ضلعی الیکشن کمشنر ظفر اللہ خان نے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے انتخاب کی وجوہات دریافت کیں اور مختلف ترجیحات کو ملنے والے ووٹوں پر تبادلہ خیال کیا۔اس سرگرمی کا مقصد نوجوانوں میں اپنی رائے کے اظہار، دوسروں کے نقطہ نظر کو سمجھنے اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔سیمینار کے دوران طلبہ کو ووٹ کے اندراج، اخراج اور انتخابی ریکارڈ میں ووٹر کی معلومات درست رکھنے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ باشعور اور ذمہ دار ووٹر جمہوری نظام کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ہر ووٹ ملک کے بہتر مستقبل کے لیے اہمیت رکھتا ہے





