لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی )معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمی بٹ نے کہا ہے کہ ماہ مقدس رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں گراں فروشی کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کریک ڈاؤن جاری ہے اور ابتک صوبہ بھر میں گراں فروشی پر 5 کروڑ روپے جرمانہ جبکہ 477 ایف آئی آر کا اندراج کروایا جاچکا ہے،لیہ میں ابتک 15 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ تین ایف آئی آر درج کی گئیں ہیں۔انہوں نے کہا صوبہ بھر میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد شہری 421 رمضان نگہبان دسترخوان پر روزہ افطار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں 40 ارب مالیت کے وزیر اعلی رمضان نگہبان کارڈ 41 لاکھ خاندانوں کو دیے جارہے ہیں جبکہ لیہ میں 69 ہزار خاندانوں کو لیہ میں کارڈ دیا جارہا ہے جن میں سے 41 ہزار خاندانوں کو کارڈ دیا جاچکا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ شہریوں کو بھر پور ریلیف کی فراہمی کے لیے کڑی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری ہے کسی کو بھی عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ رمضان المبارک جیسے بابرکت مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور اشیاء ضروریہ مناسب اور کنٹرول شدہ نرخوں پر دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتیں ماضی کی نسبت مستحکم اور کم سطح پر ہیں جو وزیراعلی پنجاب کی موثر حکمت عملی اور سخت مانیٹرنگ کا نتیجہ ہے۔انہوں نے یہ بات لیہ مائنر رمضان سہولت بازار ان دا گو بازار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر،ڈی پی او حسن جاوید بھٹی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی سلمی بٹ نے سہولت بازار میں مختلف اسٹالز اور دکانوں کا معائنہ کیا، سرکاری نرخ ناموں کی جانچ پڑتال کی اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے دکانداروں کو سختی سے متنبہ کیا کہ مقرر کردہ نرخوں سے تجاوز کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔معاون خصوصی سلمی بٹ نے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف خود تمام اضلاع کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں اور واضح ہدایات جاری کرچکی ہیں کہ عوامی ریلیف میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان نیکیوں اور ایثار کا مہینہ ہے اور اس بابرکت مہینے میں شہریوں اور صارفین کو کم نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں متحرک ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز کر رہے ہیں اور خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ حکومت پنجاب اس عزم کے ساتھ میدان میں ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جائے اور کسی کو بھی عوامی مفاد کے خلاف کھیلنے کی اجازت نہ دی جائے۔
