لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لیہ میں مضر صحت گوشت کی سپلائی ناکام بناتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے تھانہ کروڑ کی حدود میں بغیر نمبر پلیٹ لوڈر رکشہ کو تحویل میں لے لیا جو مردہ مرغیوں سے لدا ہوا تھا اور مختلف فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 700 کلوگرام مضر صحت اور غیر معیاری گوشت برآمد کیا گیا جسے موقع پر ہی ڈمپنگ سائٹ پر تلف کر دیا گیا۔ ویٹرنری ڈاکٹر کی جانچ کے بعد مردہ مرغیوں کے گوشت کو انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی حکام نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011 کے تحت ملزم کے خلاف تھانہ کروڑ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی خصوصی ہدایات پر صحت دشمن عناصر کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں تک محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
