لیہ (نمائندہ لیہ ٹی وی ) نوجوانوں میں صحت مندانہ طرزِ زندگی، ذمہ دار والدین بننے کے شعور اور زچہ و بچہ کی صحت کے فروغ کے لیے “بہتر قدم” کے عنوان سے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ سیشن پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام، محکمہ صحت و آبادی اور رائز (RIZ) و رین (RAYN) کے اشتراک سے ترتیب دیا گیا ہے۔آگاہی سیشن کا مقصد نوجوانوں کو شادی سے قبل اور بعد کی ذمہ داریوں، خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور نومولود کی صحت، اور محفوظ و صحت مند مستقبل کے حوالے سے مؤثر معلومات فراہم کرنا ہے۔ منتظمین کے مطابق نوجوانوں میں بروقت اور درست آگاہی نہ صرف خاندانی نظام کو مضبوط بناتی ہے بلکہ معاشرے کی مجموعی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔یہ سیشن 16 جنوری 2026 کو صبح 11 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج لیہ میں منعقد ہوگا، جہاں ماہرین صحت نوجوانوں کو جدید طبی و سماجی پہلوؤں پر بریفنگ دیں گے۔ پروگرام میں خاص طور پر والدین بننے کی ذمہ داری، زچہ و بچہ کی نگہداشت، اور خاندانی منصوبہ بندی کے فوائد پر روشنی ڈالی جائے گی۔منتظمین کا کہنا ہے کہ “بہتر قدم” مہم نوجوانوں کو ایک باخبر، صحت مند اور ذمہ دار شہری بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس کے ذریعے مستقبل کی نسلوں کی بہتر پرورش اور صحت مند معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے گی۔