لیہ ( نمائندہ لیہ ٹی وی )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ضلع لیہ میں مزید سہولت آن دا گو بازاروں کے قیام کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے مجوزہ مقامات لیہ مائنر پل، ٹی ڈی اے چوک، کالج روڈ، میلاد گراؤنڈ، عید گاہ روڈ اور جنرل پوسٹ آفس روڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے سہولت آن دا گو بازار کے شیڈز کی تعمیر کے لیے پیمائشوں کے سلسلہ میں ٹیم کے ہمراہ جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر احمد ڈوگر اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں صارفین کو مد نظر رکھتے ہوئے گنجان آباد علاقوں میں سہولت آن گو ماڈل بازار قائم کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں ختم نبوت چوک میں گوشت کے کاروبار سے منسلک دکانداروں کو یکساں اور خوبصورت ڈیزائن کے پوائنٹس بنا کر دے رہے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی برقرار رہے گی۔ موسمی شدت کے باعث کاروبار متاثر نہیں ہوں گے اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جنرل پوسٹ آفس، ہاؤسنگ کالونی، ریلوے پھاٹک کے پاس بھی جگہوں پر چھوٹے ماڈل بازار کے پراجیکٹ تجاویز میں شامل ہیں اور متعلقہ محکموں سے اس سلسلہ میں اقدامات کے لئے مشاورت جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں دکانداروں کو مناسب مارکیٹ پلیس اور صارفین کی سہولت کے لئے عملی اقدامات جاری ہیں اور اس کے دور رس نتائج نکلیں گے۔

