لیہ ( نمائندہ لیہ ٹی وی ) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے ضلع لیہ کے دورہ کے دوران تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کروڑ کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر،اے ڈی سی آر محمد شاہد ملک،اسسٹنٹ کمشنر محبوب اقبال ہنجرا، محکمہ صحت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کے لیے موجود سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ علاج معالجے کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مریضوں کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے علاج، ادویات اور مجموعی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا جس پر مریضوں نے ہسپتال میں دستیاب سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق تحصیل سطح کے سرکاری ہسپتالوں میں بھی صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو اپنے علاقوں میں معیاری علاج میسر آ سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسران اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے بعد ازاں تحصیل سپورٹس کمپلیکس میں سپورٹس ایرینا کا بھی معائنہ کیا

