لیہ(نمائندہ لیہ ٹی وی) حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت نئی حد براری کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر کی زیر صدارت جائزہ اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنرز زوہیب کریم، محبوب اقبال ہنجرا، ندیم ارشد اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبد الصمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت میونسپل کمیٹی اور یونین کونسل سطح پر نئی حد براری کا سلسلہ جاری ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نئی حد براری کے سلسلہ میں لسٹیں کل 7 جنوری سے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں آویزاں کی جائیں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نئی حد براری پر عوام اپنی تجاویز تین یوم کے اندر متعلقہ دفاتر میں جمع کروا سکیں گے۔ ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی حد براری محکمانہ قوانین کے مطابق دیانتداری سے انجام دی جائیں اور شہریوں کے جائز اعتراضات اور تجاویز کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس سلسلہ میں ریکارڈ کو بروقت اور صحیح طریقے سے مرتب کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئی حد براری کا عمل دئے گئے ٹائم فریم میں مکمل کیا جائے۔

